نوئیڈا،21؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پولیس نے سرکاری اسکولوں میں نوکری دلانے کے نام پردھوکہ دینے والے گروہ کے 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ گرفتار ملزموں میں سے ایک نے مشرقی اتر پردیش سے لوک سبھا انتخابات بھی لڑا ہے۔ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (لا اینڈ آرڈر) لیو کمار نے اتوار کے روز بتایا کہ پولیس انفارمیشن اسٹیشن سیکٹر 24 کی بنیاد پر ڈاکٹر برجیش کمار ورما، مہیش پٹیل اور راجگیر عرف راجو کو موراناکو بس اسٹینڈ کے قریب سے گرفتار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان سے 41500 روپے نقد، جعلی دستاویزات، موبائل فونز، کمپیوٹر وغیرہ برآمد ہوئے ہیں۔
ایڈیشنل کمشنر نے بتایا کہ تفتیش کے دوران یہ معلوم ہوا کہ ورما نے 2019 میں لوک سبھا کا انتخاب یوپی کے شہر جونپور سے ری پبلکن پارٹی آف انڈیا کے ٹکٹ پر لڑا تھا۔ ان لوگوں نے اب تک تقریبا 250 ڈھائی سو افراد کو دھوکہ دے کر تقریبا 50 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس دو پرنسپلز سمیت پانچ دیگر افراد کو تلاش کر رہی ہے، جو اس معاملے میں مفرور ہیں۔